لورہ:تھانہ لورہ پولیس نے علاقہ بھر میں چوری کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث گینگ کے مبینہ سرغنہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پولیس تھانہ لورہ نے ایس ایچ او لورہ ریاض خان کی سربراہی میں رکھالہ سے دوکان کا سامان چوری کر کے لیجانے والے چوروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ سرغنہ کے دو ساتھی جنگل میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گے تاہم سرغنہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ،تھانہ لورہ پولیس پوری رات رکھالہ کے جنگل میں مبینہ چوروں کی تلاش میں سرگراں رہی ۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کا نام رخسار ولد گلفراز ہے جبکہ اس کا تعلق آزاد کشمیر سے بتایا جا رہا ہے ،ملزم سے دوکان سے لوٹا گیا سامان بشمول آٹا ،گھی تیل اور دیگر اجناس موقع پر ہی برآمد ہوئیں ہیں ،ملزمان چوری کی وارداتوں میں رینٹ اے کار استعمال کرتے تھے ۔واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے تھانہ لورہ کی حدود میں چوری کی وارداتوں میں خاصا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ملزمان نے نگری بازار ،کوٹلی اور تھاتھی میں دوکانوں سے سامان چوری کیا ہے ،پولیس کی بہترین حکمت عملی کے باعث چوروں کا ایک گروہ تھانہ ڈونگا گلی کے علاقے میں کاروائی کے دوران مقامی لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا جنہیں ڈونگا گلی تھانے کے حوالے کیا گیا ان ملزمان میں سے دو کا تعلق نوشہرہ تاجوال جبکہ ایک کا ماڑی سے نکلا جب کہ دوسرا گروہ تھانہ لورہ پولیس کی گرفت میں آ چکا ہے ۔گرفتار ملزم سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں
