اسلام آباد(وول سپیشل)بھارتی ممکنہ جارحیت،پاک فوج ہائی الرٹ۔ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو تباہ کرنے کے لیئے سرگرم ہو گیا ہے جس کے باعث پاکستان کی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں ،دوسری جانب ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے منہ توڑ جواب میں متعدد بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں ،جھڑپ میں پاک فوج کے دو جوانوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے ۔

معتبر ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ لداخ اور دوکلم میں منہ کے کھانے کے بعد اندرونی و بیرونی دباو سے توجہ ہٹانے کے لیئے بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہے اور پلوامہ ڈرامہ کی طرز پر ایل او سی یا ورکنگ باونڈری پر کسی ایکشن کی تیاری کر رہا ہے ،ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ بھارت بارڈر ایکشن یا سرجیکل اسٹرائیک کا سہارا لے سکتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ مودری سرکار کا ناروا سلوک ،کسانوں کے ملک گیر احتجاج،مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ریاستی مظالم اور عالمی میڈیا و عالمی اداروں کی تنقید سے توجہ ہٹانے کے لیئے فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے جس کی وجہ سے مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے

واضح رہے کہ قبل ازیں بھارت نے 2016 میں بھی ناکام سرجیکل اسٹرائیک کا دعوٰیٰ کیا تھا اور 26 فروری 2019 میں بھی بھارت نے ایک ایسی ہی ناکام کوشش کی تھی جس میں اسے بری طرح منہ کی کھانی پڑ گئی تھی اور آج تک بھارتی فوج وہ زخم چاٹ رہی ہے ۔دوسری جانب بھارتی پنجاب میں بھارتی کسانوں کی تحریک سے خالصتان تحریک ابھرتی نظر آ رہی ہے اور اس تحریک نے مودی سرکار کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے بھی مودی سرکار روایتی ہتھکنڈوں کو بروئے کار لاتے ہیں پاکستانی سرحوں کی قریب شر انگیزی کر سکتی ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری گولہ باری کی ہے جس سے پاک فوج کے لانس نائیک طارق اور سپاہی ظروف نے شہادت کا رتبہ پایا ہے ۔پاک فوج کے موثر جواب سے بھارتی افواج کا بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔