اسلام آباد(وول نیوز )اماراتی شاہی خاندان شکار شکار کھیلنے پاکستان پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شاہی خاندان کے افراد تلور کے شکار کیلئے دبئی سے پاکستان پہنچ گئے۔جہاں وہ بلوچستان میںتلور کا شکار کرینگے۔اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اماراتی شاہی خاندان کے اراکین خصوصی طیارے کے زریعے پاکستان پہنچے ہیں، شاہی خاندان کو تلور کے شکار کیلئے چاغی میں نوکنڈی کے علاقے الاٹ کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے اس سال صوبے میں تلور کے شکار کیلئے علاقے یو اے ای کے علاوہ سعودی عرب، قطر اور بحرین کے شاہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی الاٹ کیے ہیں۔حکومت بلوچستان کی جانب سے 10 روز میں 100 تلور کے شکار کیلئے ایک لاکھ ڈالر بطور شکار فیس مقرر کی گئی ہے تاہم اب تک کسی شاہی خاندان کی جانب سے شکار کی فیس کا چالان جمع نہیں کرایا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے رواں سال اکتوبر میں صوبائی حکومت کو شکار کیلئے شاہی خاندانوں کو مختلف علاقے الاٹ کرنے کی سفارش کی تھی اور صوبائی حکومت کو عرب ممالک کے مختلف شاہی خاندانوں کو پرمٹ جاری کرنے کا بھی کہا تھا۔