کراچی(وول نیوز نیٹ ورک)پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر، کراچی میں 114 ویں مڈ شپ مین کمشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ کمشننگ پریڈ میں 102 پاکستانی اور دوست ممالک سے 64 مڈ شپ مین شامل تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بحریہ میں ہونے والی حالیہ ٹیکنالوجیکل پیش رفت اور نئےبحری اثاثوں کی نیوی میں شمولیت پر روشنی ڈالی اور کمیشن حاصل کرنے والےافسران پر عائد ذمہ داریوں اور ان کو درپیش چیلنجز کا ذکرکیا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو واضح کیا کہ امن اور دوستی کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے تمام مذموم ارادوں سے بخوبی واقف ہیں اور ان کو ناکام بنانے کے لئے ہردم تیار ہیں۔

مہمان خصوصی نے نئے کمشنڈ افسران کو نصحیت کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار رہیں اور مادر وطن کے دفاع کے مقدس فریضے کو انجام دینے کے لئے پر عزم رہیں اور اپنی پوری کوشش کریں کہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں جو پاک بحریہ کی روایت ہے۔ نیول چیف نے کمیشننگ ٹرم کو عملی طور پر پاکستان کے سمندری دفاع کی قابل فخر فوج میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کمیشنڈ افسربننے پر دوست ممالک کے مڈ شپ مین کو بھی مبارکباد دی۔

اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کموڈور سہیل احمد عزمی نے پاکستان نیول اکیڈمی میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کے کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تربیت پر روشنی ڈالی۔ اردن سے تعلق رکھنے والے 01 , 07 قطری، 56 رائل سعودی نیول فورسز (آر ایس این ایف) اور 102 پاکستانی مڈ شپ مین پر مشتمل کمشننگ ٹرم سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ قوم کے مفادات کو اولین رکھیں اور عزت، فرض شناسی اور وفاداری کے نظریات کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے امتیازی کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کے مابین انعامات تقسیم کئے۔ قائداعظم گولڈ میڈل لیفٹیننٹ اسد منیر کو دیا گیا، مڈ شپ مین محمد حسن جلال نے اپنی مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر حاصل کی جبکہ مڈ شپ مین محمد عثمان احمد خان نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ اس کے علاوہ آفیسر کیڈٹ حمزہ ملک نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمًیٹی میڈل اور رائل سعودی نیول فورسز (آر ایس این ایف) سے تعلق رکھنے والے مڈ شپ مین حسام محمد الراشدی نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پرافیشنسی بینر کا حقدار مین ٹاپ اسکواڈرن ٹھہرا.تقریب میں سینئر فوجی افسران ، سول معززین اور پاس آوٹ ہونے والے مڈشپ مین کے والدین اور اہل خانہ نے شرکت کی۔