ایبٹ آباد (وول نیوز نیٹ ورک) ڈی پی او ایبٹ آباد کی ضلع بھر کے پولیس افسران کے ہمراہ میٹنگ،ہوای فائرنگ، ون ویلنگ کے مرتکب افرادکے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ
علماء کرام کے ذریعے، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ کے نقصانات کے حوالے سے مساجد اور پولیس موبائلز میں لاؤ ڈ سپیکر پر اعلانا ت کروائیں،

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد یاسر خان آفریدی کی زیر صدارت اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آبادملک اعجاز، ایس ایس پی ٹریفک طارق محمود، جملہ سرکل ڈی ایس پی صاحبان، جملہ ایس ایچ اوز و چوکی انچارج ضلع ایبٹ آباد نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد کا پولیس افسران اور ایبٹ آباد کی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ نیا سال شروع ہو رہا ہے اس موقع پر کچھ منچلے علاقہ کے امن کو خراب کرنے اور چند لمحے کی خوشی کے لیے ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کا مظاہرہ کرتے ہیں ہوائی فائرنگ ایک خاموش قاتل ہے، خدارا اپنی چند لمحے کی خوشی سے کسی کا ہنستا بستا گھر نہ اجاڑیں، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، ون ویلنگ ایک جان لیواء فعل ہے اپنے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، موٹر سائیکل کو سواری کے طور پر استعمال کریں نہ کہ بچے اسے کھلونا بنائیں، ضلعی پولیس سربراہ نے تمام ایس ایچ اوز کو سال نو پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھا م کے حوالے سے خصوصی ٹیمیں ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ جیسے قبیح فعل کے مرتکب افراد کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔