ڈی آئی جی ہزارہ کا ٹریفک صورتحال پر میٹنگ کا انعقاد،ایس ایس پی ٹریفک وارڈنز طارق محمود خان نے بریفنگ دی

ایبٹ آباد(وول نیوز نیٹ ورک) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میر ویس نیاز کی سربراہی میں ضلع ایبٹ آباد میں ٹریفک صورتحال کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی، ایس ایس پی ٹریفک وارڈن طارق محمود خان، ڈی ایس پی ٹریفک فاروق شاہ اور پی ایس ا و ریجن آفس خبیر محمد نے شرکت کی۔ ایس ایس پی ٹریفک وارڈن طارق محمود خان نے ڈی آئی جی ہزارہ کو ضلع ایبٹ آباد میں ٹریفک کے مسائل، ٹریفک کی روانی میں حاہل رکاوٹوں،ٹریفک حادثات والے خاص مقامات، تجاوزات، سڑکوں پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے ایس پی ٹریفک وارڈن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں ٹریفک ایف ایم ریڈیو چینل کا قیام عمل میں لایا جائے اس حوالے سے تمام دستاویزات مرتب کرکے متعلقہ محکمہ اور اعلی افسران کو ارسال کی جائے۔ ایبٹ آبا د کی ٹریفک صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے منی اڈوں، تجاوزات کے خاتمہ، غیر قانونی پارکنگ کے خاتمہ کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں تمام منی اڈوں، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ کرنے والے عناصر کو تحریری نوٹس جاری کریں اور انہیں تھوڑا وقت دیا جائے اور اگر وہ اس کے بعد بھی خلل پید ا رکریں تو ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کے تعاون سے سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ کے خاتمہ کیلئے نوپارکنگ سائن بورڈز کی تنصیب کا عمل شروع کریں۔ ہمیں آمدہ سیاحتی سیزن میں ٹریفک کے حوالے سے ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہو سکتا ہے جس کیلئے ہمیں پہلے سے تیاری کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے بھی ٹریفک پلان پہلے سے ترتیب دیا جائے تاکہ ملک بھراور بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں اور دیگر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوسکیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ موٹر وے انٹر چینج کے باہر حفاظتی انتظامات کو پورا کیا جائے حویلیاں انٹر چینج پر ٹریفک چکر کی پلاننگ تیار کریں اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے ٹریفک چکر بنائے جائیں تاکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں