یوم پاکستان پریڈ! دیکھنے والوں پہ سحر طاری ۔تصاویری جھلکیاں

اسلام آباد (وول نیوز ) یوم پاکستان کی پریڈ نے دیکھنے والوں کو سحر زدہ کر دیا ۔جمعرات کو شکر پڑیاں کے مقام پر پریڈ گروانڈ میں ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزکے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا،

صدر مملکت کی بگھی پریڈ گراونڈ میں داخل ہو رہی ہے

لڑاکا طیاروں نے فضاء میں کرتب دکھائے اور ناظرین پر سحر طاری کردیا۔ پاک فضائیہ نے اپنی مہارت سے ثابت کردیا کہ پاکستانی شاہین کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

افواج پاکستان کا چاک و چوبند دستہ سلامی دیتے ہوئے

پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلیے برادر ملک ترکی سے آئے سولو ایروبیٹکس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سولو ترک نے اپنی جنگی مہارت کے جوہر دکھائے۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں کنگ آف بیٹل آرمڈ کور میں شامل ٹینکوں، توپ خانوں، ریڈار کنٹرول اور ایئر ڈیفنس کے دستوں کا شاندار دبدبہ بھی دیکھنے میں آیا۔ جدید میزائل ٹیکنالوجی بابر کروز، نصر، غزنوی اور شاہین میزائلوں نے دشمن کے دل دہلادیے۔ پریڈ میں شاندار ڈرون طیارے شاہپر ٹو اور مسلسل کئی گھنٹے پرواز کی صلاحیت رکھنے والے البراق کی نمائش بھی کی گئی۔

پریڈ گراونڈ میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے

پریڈ دیکھنے والوں میں حکومتی و عسکری شخصیات، غیر ملکی سفارت کار اور عام شہری شامل تھے جبکہ چاروں صوبوں، گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر کے وفود نے شرکت کی۔

فری فال جمپینگ کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کا صدر مملکت کے ہمراہ گروپ فوٹو

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستانی قوم اپنے اوپر کسی بھی حملے سے نمٹنا جانتی ہے۔ پریڈ میں قومی جذبہ اور یکجہتی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز نے اللہ ہو کے نعرے لگاتے ہوئے ناظرین پر سحر طاری کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں