کالعدم تحریک لبیک کے پرتشدد مظائروں میں 2پولیس اہلکار شہید،673زخمی ہوئے۔فواد چوہدری

اسلام آباد (وول نیٹ ورک) وفاقی وزیرچوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے پر تشدد مظاہروں کے دوران قانون نافذ کرنے والے دو اہلکار شہید اور 673 زخمی ہوئے، حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے پنجاب سے 2359، خیبر پختونخوا سے 370 اور سندھ سے 285 مظاہرین کو شرپسندانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا، تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہروں کے دوران پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 2 اہلکار شہید اور 673 زخمی ہوئے جبکہ دو اہلکار اغواءکئے گئے، اسی طرح خیبر پختونخوا میں 3 اور سندھ میں 12 اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اپنے مذموم ارادوں میں ناکام و نامراد ہوں گے، حکومت نے اپنی بہترین حکمت عملی سے تحریک لبیک پاکستان کے پرتشدد مظاہروں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ! آج ملک بھر میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں رہی، عوام نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ مبارک کی نماز پرامن ماحول میں ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ آج تین گھنٹے سوشل میڈیا کی بندش پر افسوس ہے، اس پر معذرت خواہ ہیں، پوری کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کیلئے وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس سمیت صوبائی حکومتوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی عالمی سطح پر کاوشیں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں