ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیازنے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ثنائ اللہ عباسی کی ہدایت پرتمام سرکل کے ایس ڈی پی اوز کیساتھ آن لائن ویڈیو لنک کانفرنس کی، ویڈیو کانفرنس میں تمام اضلاع کے سرکل ڈی ایس پیز صاحبان نے شرکت کی اور ڈی آئی جی ہزارہ کو اپنے اپنے سرکل میں لاء اینڈ آرڈر صورتحال اورتھانہ سطح پر پولیس کو درپیش پیشہ ورانہ مسائل سے ڈی آئی جی ہزارہ کو آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے تمام سرکل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سرکل میں لاء اینڈ آرڈر کو کنڑول کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائیں جھوٹے مقدمات کے اندراج کو روکا جائے اور قتل اقدام قتل اور دیگر اہم مقدمات میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے ریجن دفتر رپورٹ ارسال کی جائے۔

مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے علاقائی سطح پر علماء، سیاسی وسماجی شخصیات اور پبلک لیزان کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر بروقت کارروائی کرکے انکو گرفتار کیا جائے، علاقہ میں قیام امن کیلئے بھی ان لوگوں کیساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ اپنے اپنے تھانوں اور پولیس چوکیات کی انسپکشن کو یقینی بنائیں اور ایس ایچ اوز صاحبان سے ہفتہ وار میٹنگ کا انعقاد کریں، جن تھانہ جات و پولیس چوکیات کی عمارت بوسیدہ ہوچکی ہے یہاں وہاں دیگر چیزوں کی ضرورت ہو تو انکی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے اپنے اپنے ڈی پی اوز کے زریعے دفتر ہذا ارسال کریں تاکہ انکو اعلی افسران تک پہنچا کر پولیس افسران و جوانوں کو تھانہ جات و چوکیات کی سطح پر درپیش پیشہ ورانہ مسائل کو دور کیا جاسکے۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرکے کہ وہ تھانہ میں آنیوالے سائلین کیساتھ اچھا اور شفقت والا رویہ رکھیں انکی التجا کو اچھے انداز سے سن کر انکی ہر ممکنہ قانونی مدد کی جائے۔ تھانہ جات میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے تھانہ جات کے حوالات کو بھی صاف ستھرا رکھا جائے ہمیں جرم سے نفرت کرنی ہے انسانیت سے نہیں۔ چوری و ڈکیتی و دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے متعلقہ ایس ایچ اوز کیساتھ علاقہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا جائے رات کے وقت حدود میں پولیس گشت کی نگرانی خود کریں۔