گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت خیبر پختونخواایپکس کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور کورکمانڈر پشاورلیفیٹننٹ جنرل نعمان محمودبھی شریک تھے۔اجلاس میں صوبے بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ فورم کو ضم شدہ اضلاع میں ایکسلیریٹڈایپملمنٹیشن پلان ٰ(اے آئی پی) پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مذکورہ پلان کے تحت تمام محکموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ کمیٹی کو محکمہ زراعت کی جانب سے صوبے میں ٹدی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی،کمیٹی نے اس حوالے سے سول اورملٹری محکموں کے مابین تعاون کے فروغ کو سراہااورٹڈی دل حملہ کے تدارک کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں صوبہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق اقدامات پرتفصیلی غور و غوض کیا گیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور کوششوں پراطمینان کا اظہارکیا گیا۔صوبائی وزیرصحت تیمورسلیم جھگڑا نے صوبے میں کرونا وبا کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن کی افادیت، کرونامریضوں کی ٹیسٹنگ استعداد اور محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔فورم کوشہری نقصانات ازالہ منصوبہ (سی پی ایل سی)سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا۔ اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کروناوائرس کے خاتمے اور صوبے میں ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے میں متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے مشترکہ تعاون اور کارکردگی کوسراہا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ وصحت تیمور سلیم جھگڑا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرکاظم نیاز، انسپکٹرجنرل آف پولیس ڈاکٹرثناء اللہ عباسی اورمتعلقہ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔ وول نیوز نیٹ ورک