لورہ(وول) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی کی ہدایات پر ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد عارف جاوید کی لورہ میں کھلی کچہری، کثیر تعداد میں عوام کی شرکت، براہ راست عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی کی ہدایات پر عوام کے مسائل کا حل ان کی دہلیز پر یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد عارف جاوید نے تھانہ لورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اس موقع پر ایس ایچ او لورہ ، معززین علاقہ اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی ۔

خطاب میں ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے پولیس اور عوام کے درمیان خلیج کم ہوتی ہے اور عوام کو براہ راست اپنے مسائل اور شکایات متعلقہ افسران تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں اور کرائم کنٹرول کے حوالے سے ایبٹ آباد پولیس اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے حالیہ عرصہ میں ایبٹ آباد پولیس نے منشیات فروشوں اور ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاون عمل میں لایا جو مستقبل میں اسی طرح جاری رہے گا اس حوالے سے اہلیان لورہ اپنا کردار ادا کریں اور منشیات فروشوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کا سوشل بائیکاٹ کریں منشیات فروشوں کو کرایہ پر مکانات فراہم نہ کیے جائیں جبکہ کسی بھی ایسی تقریب میں شرکت نہ کریں جس میں ہوائی فائرنگ ہو تاکہ ایسے افراد کی حوصلہ شکنی ہو اور جرائم کا کنٹرول ممکن بنایا جا سکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کا قیام یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے لورہ میں زائد کرایوں کی شکایات موصول ہونے پر ٹریفک وارڈنز کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کھلی کچہری کے دوران ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد نے براہ راست عوام کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں جبکہ اہلیان علاقہ نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ایبٹ آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔
ترجمان ایبٹ آباد پولیس