او آئی سی اجلاس ! مندوبین اسلام آباد پہنچ گئے،پارلیمنٹ ہاوس جگمگا اٹھا

اسلام آباد (وول نیوز ڈیسک) آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے وزراءخارجہ کی کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی، سیرالیون، گیبون، صومالیہ، گینیا بسا، ترکش ریپبلکن آف نارتھ سائپرس، یو اے ای، تاجکستان، بنگلہ دیش، اردن اور فلسطین کے وزراءخارجہ اور سیکریٹری جنرل ای سی او پاکستان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کی شب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر او آئی سی کے رکن ممالک کے مندوبین کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جن وزراءخارجہ کا استقبال کیا ان میں ترکی کے وزیر خارجہ میولت ساوشوگلو، سیرالیون کے وزیر خارجہ ڈیوڈ جے فرانسس، گیبون کے وزیر خارجہ پیکوم موبیلیٹ بابیا، گیمبیا کے وزیر خارجہ مامادو تنگرا، صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدی سید موسے علی، گینیا بسا کی وزیر خارجہ سوزی کارلا باربوسا، ترکش ریپبلکن آف نارتھ سائپرس کے نائب وزیر خارجہ تاہسن ارتغرولوگلو، متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت احمد علی محمد عبداللہ الصیغہ، تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ مظفر حسین زود، بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور شہریار عالم، اردن کے وزیر خارجہ ایمن سفادی اور فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض ایم اے مالکی اور ای سی او خوسراو نوزیری شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے وزراءخارجہ اور سیکریٹری جنرل ای سی او کی ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر او آئی سی کے رکن ممالک کے مندوبین کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

او آئی سی وزراءخارجہ کانفرنس کا بنیادی مقصد جنگ زدہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے فوری امداد اور وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت اجاگر کرنا ہے۔ او آئی سی کے رکن ممالک کے یہ مندوبین او آئی سی کے وزراءخارجہ کی کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں