ایبٹ آباد (وول ڈیسک)چیرمین سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن
اسٹیٹ لائف انشورنس شعیب جاوید حسین نے کہا کہ کارپوریشن کے پاس پاکستان کی انشورنس مارکیٹ کا 50% سے زیادہ کاروبار ہے۔
چیئرمین سٹیٹ لائف کارپوریشن آف پاکستان شعیب جاوید حسین نے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف پاکستان کا ایک قومی ادارہ ہے جو اپنی ملک گیر فیلڈ فورس کے ذریعے پاکستان کی معاشی سرحدوں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے پاس پاکستان کی انشورنس مارکیٹ کا 50% سے زیادہ کاروبار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزایبٹ آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شعیب جاوید حسین نے کہا کہ سٹیٹ لائف نہ صرف بیمہ زندگی فراہم کر رہی ہے بلکہ حکومت پاکستان کے انقلابی اقدام “صحت سہولت کارڈ” کے ذریعے لوگوں کو صحت کی خدمات بھی فراہم کر رہی ہے۔ عالمی انشورنس انڈسٹری کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشورنس انڈسٹریز کو تمام ترقی یافتہ ممالک میں ٹیکس میں چھوٹ حاصل ہے کیونکہ وہ معاشرے کی خدمت کر رہی ہیں۔ اسی طرح پاکستان میں اسٹیٹ لائف انسانی بنیادوں پر معاشرے کے تمام طبقات کو ایک مستحکم اور محفوظ مستقبل کے لیے صحت اور زندگی کی انشورنس کے شعبہ میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اسٹیٹ لائف کے نئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین شعیب جاوید حسین نے کہا کہ ہم ادارے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوے ڈیجیٹل بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اسٹیٹ لائف نے اپنے ڈیجیٹل انوویشن ویژن کے تحت ایک ڈیجیٹل ایپلی کیشن تیار کی ہے جس کی مدد سے BIKEA کے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلتھ کور اور لائف انشورنس فراہم کی جاے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بھر میں صارفین کو راغب کرنے کے لیے اسٹیٹ لائف آنے والے سال میں شارٹ ٹرم انشورنس پالیسیاں متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ اپنی فیلڈ فورس کو بہتر سہولیات فراہم کرتے ہوئے اپنے ڈھانچے اور پالیسیوں کو بہتر بنا بنانے کے لے کام کر رہی ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ لائف کے ڈویژنل مارکیٹنگ ہیڈ عطا اللہ اے رشید نے کہا کہ ایبٹ آباد زون کی فیلڈ فورس انتہائی موسمی حالات اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود قابل ذکر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے فیلڈ فورس کی محنت، عزم اور لگن کو سراہتے ہوے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اسی طریقے سے مستقبل میں بھی کام کوجاری رکھا جاے گا۔ قبل ازیں خیبر پختونخواہ اسٹیٹ لائف کے ریجنل چیف چوہدری سرفراز نے حاضرین اور مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور چیئرمین اسٹیٹ لائف شعیب حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود ایبٹ آباد آئے۔ سیمینار کا اختتام کرتے ہوئے زونل ہیڈ خالد محمود نے اسٹیٹ لائف ایبٹ آباد زون کی فیلڈ فورس، چیئرمین سٹیٹ لائف کارپوریشن اور ڈویژنل مارکیٹنگ ہیڈ کا سیمینار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ایبٹ آباد زون کے سیلز مینیجرز، سیلز نمائندگان اور ایریا مینیجرز کی کیٹیگری میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
