اسلام !باد(محمد انوار عباسی) آل پاکستان ہوٹل ایسوسی ایشن اینڈ راولپنڈی ریستوران ایسوسی کی جانب سے کاروبار کی بندش کیخلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، مظاہرے میں جڑواں شہروں اور مری سے سینکڑوں تاجر اور ملازمین شریک ہوئے ، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے ایس اوپیز کے تحت فوری ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ، تاجروں نے حکومتی ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے فوری کاروبار کھولنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 4 ماہ سے بند ہوٹل اینڈ ریستوران کے نہ صرف مالکان بلکہ لاکھوں ملازمین کا معاشی قتل کیا جارہا ہے حکومت نے دیگر صنعتوں کو کھول دیا مگر ہوٹل اینڈ ریستوران انڈسٹری کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ، مظاہرین نے 18 جولائی کو حکومت کا ضمیر جھنجھوڑنے کی غرض سے ہارن بجاو تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا۔تاجروں نے دھمکی دی کہ اگر حکومت نے اب ہمارے کاروبار کھولنے کی اجازت نہ دی تو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینگے کیونکہ ہوٹل اینڈ ریستوران انڈسٹری وابستہ لاکھوں افراد بھوک اور افلاس کا شکار ہورہے ہیں مظاہرین نے حکومت سے گیس بلوں اور کرایوں کی مد میں سبسڈی دینے کا بھی مطالبہ کیا،مظاہرین نے الزام لگایا کہ محکمہ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے بند ریستوران کے لاکھوں روپے بل بھیج دئیے گئے ۔
