ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہزارہ کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد اورکزئی نے ٹیوٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ طلبہ کی سہولت کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں تاکہ تعلیمی عمل میں خلل نہ پڑے ۔

وہ ہفتے کو ریجنل کیمپس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں ٹیوٹرزکو ہدایت کی گئی کہ وہ طلبہ کی کارکردگی سے متعلق نتائج بروقت جمع کرائیں ۔ شاہد اورکزئی کا کہنا تھا کہ ہزارہ ڈویژن ایک پہاڑی علاقہ ہے جس کی وجہ سے بہت سے طلبہ کو انٹرنیٹ اور موبائل فون کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ٹیوٹرز کو چاہیے کہ ایسے مسائل بروقت یونیورسٹی انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں ۔ اس موقع پر اجلاس میں شریک ٹیوٹرز کو بتایا گیا کہ ان کی آسانی کے لیے ریجنل آفس میں خصوصی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔

دریں اثنا شاہد اورکزئی نے تعلیم کے فروغ میں ٹیوٹرز کے مثالی کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس کا تسلسل برقرار رکھیں گے ۔اختتام پر ٹیوٹرز کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔