جناح ویلفیئر آرگنائزیشن لورہ(رجسٹرڈ) ایک غیر سیاسی فلاحی ادارہ ہے جس کا مقصد تحصیل لورہ میں عوام کی سماجی بہبود اور خدمت خلق کرنے میں مصروف عمل ہے۔ یہ اندرون اور بیرون ملک تحصیل لورہ کے باشعور اور باکردار افراد پر مشتمل ایک ایسی فلاحی تنظیم ہے جوتحصیل لورہ میں ہر ممکن حد تک فلاحی خدمات سرانجام دینے میں کوشاں ہے۔ محتاجوں، غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد اور معاونت کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ دوسروں کی مدد کرنے انکے ساتھ تعاون کرنے اور انکے لئے روز مرہ کی ضرورت کی اشیاء فرائم کرنے کو دین اسلام نے کار ثواب اور اپنے رب کو راضی کرنے کا نسخہ بتایا ہے۔سماجی بہبود کا بنیادی مقصد معاشرے کے محتاجوں،بے کسوں، معذوروں،یتیموں اور بے سہارا افراد کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود ہے۔ یہ مقصد اسی صورت میں حاصل ہو سکتا ہے جب ایسے لوگوں کی ضروریات اور معذوری کا خاتمہ کر کے معاشرے میں دولت اور ضرورت کے درمیان توازن پیدا کیا جائے۔ جو لوگ معاشرے سے غربت اور افلاس اور ضرورت و احتیاج دورکرنے کیلئے اپنا مال خرچ کرتے ہیں اللہ تعالیٰ انکے خرچ کو اپنے ذمہ قرض حسنہ قرار دیتے ہیں اور ساتھ ہی اس بات کی بھی ضمانت دیتے ہیں کہ اللہ کی راہ میں خرچ کئے گئے مال کو کئی گناہ زیادہ بڑھا کر دیا جائے گا۔ اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت کو حقوق اللہ سے بڑھ کر بیان کیا گیا ہے۔دوسروں کی خیر خواہی اور مدد کر کے خوشی اور راحت حاصل ہوتی ہے جو اطمینان قلب کے ساتھ ساتھ رضائے الہی کا بھی باعث بنتی ہے۔

محسن انسانیت نبی کریم حضرت محمد ﷺ نے نہ صرف حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنے کا حکم دیا بلکہ عملی طور پر آپ ﷺ خود بھی ہمیشہ غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے تھے۔ جناح ویلفیئر آرگنائزیشن کی پوری ٹیم کی پالیسی ہے کہ اپنے لئے تو سب ہی جیتے ہیں کیوں نہ دوسروں کیلئے جیا جائے دوسروں کی مشکلات و مسائل کو محسوس کرتے ہوئے انکا ہاتھ بٹایا جائے۔ ہماری مدد و معاونت سے اگر کسی کی جان بچ سکتی ہے یا کسی کی مشکل آسان ہو سکتی ہے، کسی مجبور کا علاج ہو سکتا ہے، کسی کے حصول رزق میں معاونت ہو سکتی ہے، کسی غریب کی بچی کی شادی ہو سکتی ہے، کسی کے بچوں کا طرز زندگی بہتر ہو سکتا ہے یا کسی کو حصول علم کیلئے مدد دی جا سکے تو یہ ہمارے لئے باعث اعزاز اور راحت ہوگئی۔ اللہ کے حقوق تو ایک شخص اپنی انفرادی زندگی میں ادا کرتا ہے لیکن اللہ کے بندوں کے حقوق ادا کنے کیلئے بعض اوقات انفرادی کوشش کافی نہیں ہوتی بلکہ اجتماعی کوششوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
لہذا تحصیل لورہ کے نوجوانوں کی دلچسپی اور جذبہ خدمت خلق کے پیش نظرستمبر 2015 کو جناح ویلفیئرآرگنائزیشن لورہ کا قیام ہوا اور الحمداللہ اب یہ آرگنائزیشن صوبہ خیبرپختونخوا ہ میں حکومت پاکستان کے ویلفیئر ایکٹ 1860 کے تحت ایک رجسٹرڈ فلاحی ادارہ ہے جو تحصیل لورہ کی چھ یونین کونسلوں (لورہ، پھلہ، گورینی، نگری ٹوٹیال، سیر شرقی اور سیر غربی) کے عوام کیلئے خدمت خلق کا منشور لیئے مصروف عمل ہے۔ جناح ویلفیئر آرگنائزیشن لورہ کے اغراض و مقاصد میں تعلیم، صحت، پسماندگی، بیروزگاری اور ہنگامی صورت حال میں متاثرہ خاندانوں کی امداد شامل ہیں۔جیسا کہ تعلیم اور کیرئیر انسان کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان دونوں شعبوں کی رہنمائی خاص طور پر طالبعلموں کیلئے بہت ضروری ہوتی ہے لہذا
طالبعلموں کی کیرئیر رہنمائی کے لئے جناح ویلفیئر آرگنائزیشن لورہ کی جانب سے پہلا پروگرام نومبر 2015 کو لورہ کے مقام پر منعقد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقررین نے طالبعلموں کو انکے کیرئیر کے حوالے سے رہنمائی دی۔ اسکے علاوہ جناح ویلفیئر آرگنائزیش لورہ کی جانب سے غریب و نادار طلباء کے لئے لورہ میں ایک کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے جس میں الحمد اللہ مختلف سکولوں اور مدارس کے مستحق طلباء مفت کمپیوٹر کورس کر رہے ہیں۔ جناح ویلفیئر آرگنائزیشن گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولوں کے مختلف پروگرمز میں طلباء کوانعامات، تعلیمی وظائف اور اسٹیشنری تقسیم کرنے کے ذریعے بھی تعلیم کو عام کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔
جناح ویلفیئر آرگنائزیش لورہ نے پراولی ویلفیئر ٹرسٹ کی شراکت سے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے پروگرام کے تحت تحصیل لورہ کی چھ یونین کونسلوں (لورہ، پھلہ، گورینی، نگری ٹوٹیال، سیر شرقی اور سیر غربی) کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارہ واٹر سپلائی کے منصوبے مکمل کیے جن میں ہر یو نین کونسل میں دو منصوبے شامل تھے جن کے ذریعہ اہلیان علاقہ کو انکے گھروں تک صاف پانی فراہم کیا گیا ہے
لورا سے گھوڑا گلی سڑک !
تحصیل لورا کا مرکز جس کے ساتھ چوراسی گاوں لگتے ھیں قدرت کی ایسی تخلیق ھے جس پر جتنا بھی رب کریم کا شکریہ ادا کیا جائے کم ھے۔
مگر جب اس کی مین سڑک لورا سے گھوڑا گلی پہ سفر کرنے کا خیال آتا ھے تو نہ جانے کیوں ایک بے یقینی کی سی کیفیت طاری جو جاتی ھے۔ انتہائی خطرناک موڑوں سے مزین اور اپنی گود میں لئے بڑے بڑے کھڈے ، یہ سڑک چیخ چیخ کر تحصیل لورا کی عوام سے سوال کرتی ھے کہ !
آخر کب تک مجھے اپنے ٹوٹے پھوٹے جسم کے ساتھ آپ کا بوجھ برداشت کرنا ھو گا؟
کیا تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو میری حالت زار کی کہانی ایوان بالا تک پہنچا سکے؟
تمہاری اور کتنی آنے نسلیں مجھے اسی حالت میں دیکھیں گی؟
میں نے کتنے گھروں کے چراغ گل کئے ھیں اور آخر مجھے وحشیہ کا روپ کس نے دیا؟
کیا آپ لوگوں کی حالت مجھ سے بھی گئی گزری ھے کہ جو (سیاسی )بھی آتا ھے بس آپ کو سبز باغ دیکھا کہ چلا جاتا ھے؟
اور آخر میں اگر تم نے میری حالت پہ اب بھی آواز نہ اٹھائی تو تاریخ گواہ ھے تم اور تمہاری آنے والی نسلیں اسی طرح زندگی بھر دھکے اور ہچکولے کھاتے رھیں گے۔ انہی موڑوں میں آپ لڑھکتے اور چیختے رھیں گے مگر کوئی بھی تمہاری آواز نہیں سنے گا۔