بیس سال سروس کی تکمیل پر ریٹائرمنٹ کیلئے سول سرونٹس رولز 2020 کا نفاذ

اسلام آباد:15جولائی 2020ئ
سول سروس کی استعداد اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے،15-04-2020 کو وزیراعظم کی منظوری کی بعد ’سول سرونٹس (سروس سے ڈائرکٹری ریٹائرمنٹ) رولز 2020‘ وضع کیے گئے۔ ریٹائرمنٹ رولز 2020 کے تحت سروس کے 20 سال مکمل ہونے پر 1-22 گریڈ کے ہر افسر / عہدیدار کی لازمی جانچ کی جا ئے گی۔ ان قواعد کے تحت تشکیل دی جانے والے ریٹائرمنٹ بورڈز اور ریٹائرمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
گریڈ 20-22 کے افسران کی کارکردگی کے جائزے کے لئے بورڈ کی سربراہی چیئرمین ایف پی ایس سی کرتے ہیں جبکہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، سیکرٹری کابینہ ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری قانون اس کے مستقل ممبر ہیں۔ ہر وزارت کے گریڈ 17۔19 کے افسران کی جانچ کیلئے کمیٹی کا سربراہ متعلقہ ایڈیشنل سیکرٹری ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن ، فنانس ڈویژن اور لاءڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری اور متعلقہ محکمہ کے سربراہ اس کمیٹی کے ممبر ہیں۔ ہر وزارت کے گریڈ 16 اور اس سے نیچے کے عہدیداروں کی جانچ پڑتال کے لئے کمیٹی کی سربراہی سینئر جوائنٹ سیکرٹری یا جوائنٹ سیکرٹری کرتے ہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، فنانس ڈویژن اور لاء ڈویژن کے نمائندے ، جو گریڈ 19 سے کم نہیں ہیں اور متعلقہ محکمہ کے سربراہ، کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے وجوہات میں غیر معیاری پرفارمنس ایویویلیشن رپورٹس (پی ای آر) یا تین مختلف افسران کی طرف سے تین یا زیادہ پی ای آر میں منفی تبصرے، پروموشن بورڈ کی جانب سے دو مرتبہ ترقی کا مسترد کیا جانا، بدعنوانی کا مرتکب ہونا یا نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنا یا رضاکارانہ واپسی یا پروموشن بورڈ کی جانب سے ایک سے زیادہ موقعوں پر کیٹیگری سی میں رکھا جانا شامل ہیں۔
20 سال سروس کی تکمیل پر ریٹائرمنٹ کیلئےڈائریکٹری ریٹائرمنٹ کے طریقہ کار کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ کیسز ریٹائرمنٹ بورڈز اور کمیٹیوں کے پاس بھیجے جائیں گے جس کے بعد ان کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے لئے شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور انہیں ’سول سرونٹ اپیل رولز 1977‘ کے تحت ذاتی سماعت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ طے شدہ طریقہ کار کو مکمل کرنے کے بعد ، اگر مجاز اتھارٹی مطمئن ہے کہ عہدیدار کی مزید سروس عوامی مفاد میں نہیں ہے تو ، افسر / اہلکار پنشن اور ریٹائرمنٹ کے دیگر مراعات کے ساتھ ریٹائر ہوجائیں گے۔
فی الحال ، فیڈرل گورنمنٹ میں 27000 افسران خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ گریڈ 16 اور اس سے نیچے کے عہدیدار کی تعداد تقریبا 550000 ہیں۔ وفاقی حکومت کی استعداد اور کارکردگی کو بڑھانے کے عمل کو نافذ کرنے کے لئے ، بورڈ کی پہلی میٹنگ جولائی 2020 کے آخر تک ہو گی جس میں گریڈ 20تا 22 کے 565 افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ افسران پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ، پولیس سروس آف پاکستان اور سیکریٹریٹ گروپ کے ہیں۔ گریڈ 17-19 اور گریڈ 16 اور اس سے نیچے کے افسران کی جانچ کے لئے کمیٹیوں کے اجلاس اگست 2020 سے شروع ہوں گے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں